ایک کتاب۔ مکمل نصاب برائے جماعت دوم آپ کی خدمت میں پیش ہے۔ ایک بار پھر یاد دلاتے چلیں کہ اس اشاعتی منصوبے کا مقصد ہر جماعت (کلاس/گریڈ ) کے نصاب میں شامل کلیدی اور اہم نکات و عنوانات کو ایک کتاب میں اس طرح سے یکجا کرنا ہے کہ متعلقہ جماعت کے تمام بنیادی تدریسی تقاضے (صرف اس ایک کتاب سے) پورے کیے جاسکیں۔ مزید براں ، یہ یاد دلانا بھی ضروری ہے کہ ان کتابوں کو مرتب کرتے وقت ہم خاص طور پر اس بات کا خیال رکھتے ہیں کہ جہاں ایک عام طالب علم انہیں آسانی سے سمجھ سکے، وہیں ایسے اساتذہ اور والدین بھی انہیں بہ آسانی پڑھا سکیں جو تدریس میں مہارت نہیں رکھتے۔
ایک کتاب مکمل نصاب کے تحت جہاں ہم ہر جماعت کا نصاب ایک کتاب میں سمونے کی کوشش کر رہے ہیں، وہیں اکتسابی پرتوں کا انداز بھی ہمارے پیش نظر ہے۔ ہم خلوص نیت کے ساتھ یہ کام کر رہے ہیں لیکن ہم انسان بھی ہیں اور اسی ناتے خود کو غلطیوں سے مبرا نہیں سمجھتے ۔ پچھلی دو کتب کی طرح زیر نظر کتاب کو بھی ہم نے خوب سے خوب تر اور خامیوں سے پاک بنانے کی بھر پور کوشش کی ہے۔ تاہم اگر آپ کو اس میں کوئی کسر، کوئی خامی یا غلطی نظر آئے تو ہمیں ضرور مطلع کیجئے گا، تا کہ اگلے ایڈیشن میں اسے دور کیا جا سکے۔ ایک بار پھر، اساتذہ و ماہرین تعلیم سے خصوصی گزارش ہے کہ وہ اس کتاب کا مطالعہ کرنے اور تدریس میں مدد لینے کے بعد اپنی تنقیدی رائے سے ہمیں ضرور آگاہ فرمائیں۔