Skip to product information
1 of 2

Grade 1 (Urdu Medium) – پہلی جماعت

Grade 1 (Urdu Medium) – پہلی جماعت

Regular price Rs.2,000
Regular price Rs.4,000 Sale price Rs.2,000
Sale Sold out
عرضِ مصنّفین (اساتذہ اور والدین کے لیے)
’’ایک کتاب- مکمل نصاب‘‘ سلسلے کی دوسری کاوش آپ کے ہاتھوں میں ہے جو پہلی جماعت کی بنیادی نصابی ضروریات کا احاطہ کرتی ہے۔
اگرچہ اس سلسلۂ کتب کے اغراض و مقاصد پہلی کتاب (پری کے جی/ کے جی) میں تفصیل سے بیان کیے جا چکے ہیں، تاہم کچھ اور اہم نکات کی وضاحت بھی ضروری ہے۔ اس سلسلے کی پہلی کتاب (برائے پری کے جی/ کے جی) پڑھ کر بعض قارئین نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس میں تو ’’وہی سب کچھ ہے جو پری کے جی/ کے جی کی کتابوں میں ہوتا ہے۔‘‘
بصد معذرت، پری کے جی/ کے جی کی کتاب میں وہی سب کچھ شامل کیا گیا تھا کہ جو اس درجے (کلاس/ گریڈ) کے طالب علموں کے لیے ضروری ہے۔ کیا یہ مناسب رہتا کہ چار، پانچ سال کے بچوں کی درسی کتاب میں ’’جدّت‘‘ کے نام پر ایمرجنگ ٹیکنالوجیز، کوانٹم کمپیوٹنگ، شیکسپیئر اور غالبؔ کی نظمیں، سائنس اور ریاضی کے پیچیدہ تصورات وغیرہ شامل کردیئے جاتے؟ ہم اپنے بچوں کو آئن اسٹائن بنانا چاہتے ہیں، لیکن یہ بھول جاتے ہیں کہ چار، پانچ سال کی عمر میں آئن اسٹائن بھی ایک بچہ ہی تھا جس نے بتدریج علم حاصل کیا اور، بالآخر، بیسویں صدی کا مشہور ترین سائنس دان بن گیا۔ لہٰذا، تمام قارئین سے دست بستہ گزارش ہے کہ ’’ایک کتاب – مکمل نصاب‘‘ سے غیر حقیقی توقعات وابستہ نہ رکھیے۔
علاوہ ازیں اس سلسلۂ کتب کے اغراض و مقاصد بیان کرتے وقت ہم نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ ایسی ہر کتاب میں متعلقہ درجے کا ’’کلیدی نصابی مواد‘‘ یکجا کیا جا رہا ہے۔ کسی بھی تعلیمی نظام/ اسکولنگ سسٹم سے قطع نظر، یہ کلیدی نصابی مواد وہ ہے جو کسی بھی درجے کے نقطۂ نگاہ سے قدرِ مشترک کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم صرف اتنا کر رہے ہیں کہ ہر جماعت کے مختلف نصابی خاکوں کا تجزیہ کرکے ان میں سے مشترکہ نصابی و تدریسی نکات الگ کر رہے ہیں؛ اور انہیں ہر ممکن حد تک سادہ، آسان، مختصر اور جامع بناتے ہوئے، ہر درجے/ گریڈ کی کتاب میں یکجا کر تے جا رہے ہیں۔
پڑھنے میں یہ سب کچھ بہت آسان لگتا ہے، لیکن درحقیقت درجنوں ملکی و غیر ملکی نصابی خاکوں اور نصابی کتب کو پڑھنا، ان کا تجزیہ کرنا، ان میں سے اقدارِ مشترک کو علیحدہ کرنا اور پھر انہی اقدارِ مشترک کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ایسی درسی کتاب مرتب کرنا کہ جو بہت سادہ اور آسان انداز میں اُس درجے کے تمام بنیادی نصابی/ تدریسی تقاضے پورے کرتی ہو، ایک دقّت طلب اور وقت طلب کام ہے۔
ایک بار پھر یاد دلاتے چلیں کہ ہماری حکمتِ عملی یہ ہے کہ آسان چیزوں سے شروع کرکے بتدریج مشکل/ پیچیدہ موضوعات کی طرف بڑھا جائے تاکہ بچوں اور اساتذہ، دونوں کو سہولت رہے۔ درسی مواد کو ہر ممکن حد تک اتنا آسان رکھا گیا ہے کہ کم تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ تربیت رکھنے والے والدین و اساتذہ بھی ان کتابوں سے بہ آسانی بچوں کو پڑھا سکیں۔ پری کے جی/ کے جی کی کتاب میں بھی یہی انداز تھا، زیرِ نظر کتاب میں بھی یہی انداز اختیار کیا گیا ہے، اور یہی انداز آپ کو آئندہ کتابوں میں بھی نظر آئے گا۔
ان تمام قارئین کا خصوصی شکریہ کہ جنہوں نے پری کے جی/ کے جی کی کتاب میں غلطیوں اور خامیوں کی نشاندہی فرمائی۔ ان تنقیدی آراء کی روشنی میں ہم بروقت تبدیلیاں کرنے اور ایڈیشن کو بہتر بنانے کے قابل ہوئے۔ زیرِ نظر کتاب کو بھی ہم نے خوب سے خوب تر اور خامیوں سے پاک بنانے کی پوری کوشش کی ہے، لیکن اگر آپ کو اس میں کوئی خامی یا غلطی نظر آئے تو ہمیں ضرور مطلع کیجئے گا، تاکہ اگلے ایڈیشن میں اسے دُور کیا جاسکے۔ اساتذہ و ماہرینِ تعلیم سے ایک بار پھر خصوصی گزارش ہے کہ وہ اس کتاب کا مطالعہ کرنے اور تدریس میں مدد لینے کے بعد اپنی تنقیدی رائے سے ہمیں ضرور آگاہ فرمائیں۔ شکریہ






View full details