عصر حاضر میں ڈیٹا کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور اس کی انتظام کاری(مینجمنٹ) نے ٹیکنالوجی اور کاروباری دنیا میں ایک نئے عہد کا آغاز کیا ہے۔ "ڈیٹا انجینئر نگ اور بی آئی" ایک جامع کتاب ہے جو ڈیٹا کی دنیا میں اہم موضوعات جیسے کہ ڈیٹا انجینئر نگ، ڈیٹا اینالیس، ملٹی چینل اور اومنی چینل مارکیٹنگ، اور ڈیٹا گورننس کو بیان کرتی ہے۔ اس کتاب میں موجود معلومات کو انتہائی مفصل اور عملی انداز میں پیش کرتے ہوئے، قارئین کو یہ تصورات گہرائی سے سمجھانے کے ساتھ ساتھ ان کا اطلاق بھی بتایا گیا ہے۔
کتاب کی ترتیب اور مواد اس انداز میں رکھے گئے ہیں کہ جو کسی بھی آئی ٹی پروفیشنل کو، جو ڈیٹا کی دنیا میں قدم رکھنا چاہتا ہے، مکمل رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ خاص طورپر"ملٹی چینل اور اومنی چینل مارکیٹنگ" اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کے ابواب میں مارکیٹنگ کی جدید تکنیکوں اورحکمت عملیوں کی گہری سمجھ بوجھ فراہم کی گئی ہے۔ اس کتاب کے ذریعے مصنف جواد علی خان نے اپنا علم، تجربہ اور تحقیق یکجا کر کے ایک ایسی رہنما دستاویز مرتب کی ہے جو علمی بھی ہے اور عملی بھی؛ اور جو اپنے قارئین کونئی بلندیوں پر لے جانے کا قوی امکان رکھتی ہے۔
مزید براں ، کتاب میں شامل کیس اسٹڈیز جیسے کہ اسٹاربکس، نائکے پلس، ائیر لفت بانسا، والمارٹ اور امیزون کی تجزیاتی مثالیں، قارئین کو مارکیٹ لیڈرز کی حکمت عملیوں اور دیگر تکنیکی نقطہ ہائے نظر کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ اس کتاب کا مقصد نہ صرف علم فراہم کرنا بلکہ پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنا اور ان کی مدد سے کاروباری و تکنیکی چیلنجوں کا حل تلاش کرنا بھی ہے۔ اس کتاب کی مدد سے پیشہ ور افراد، ڈیٹا کے میدان میں اپنے کیریئر کونئی جہتوں میں لے جاسکتے ہیں۔